اڈپی، 31؍اکتوبر(ایس او نیوز)اب تک گؤ رکھشا کے نام پر سنگھ پریوار کے رضاکار ریاست بھر میں دھاندلیاں مچارہے تھے۔ لیکن اب گائے کی حفاظت کے لئے ریاست کے ہر ضلع میں'گؤ پریوار'تشکیل دینے کا منصوبہ سامنے آیا ہے۔
'بھارتیہ گؤ پریوار' میڈیا کے ریاستی صدر اودیا شنکر بھٹ نے اڈپی میں منعقدہ ابتدائی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ"رامچندرا پورا مٹھ کے راگھویشورا بھارتی سوامی کا کہنا ہے کہ ہر وہ شخص جو گائے کا دودھ پیتا ہے ، اسے چاہیے کہ وہ گائے کا محافظ بنے، کیونکہ ہندوستان میں گائے کی حفاظت وقت کا اہم ترین تقاضہ بن گیا ہے۔اس لیے ہر ریاست کے ہر ضلع میں گؤ پریوار قائم کیا جانا چاہیے"۔
اودیا شنکر بھٹ نے کہاکہ :" گائے کی حفاظت اور اس کی آبادی میں اضافہ کرنا ہی 'بھارتیہ گؤ پریوار' کا بنیادی مقصد ہے۔ریاست کے تقریبا تمام اضلاع میں اس طرح کے پریوار عملاً قائم ہوچکے ہیں ، اس لئے اڈپی میں بھی ایک' گؤ پریوار' قائم کیاجانا چاہیے۔اس ضمن میں "ابھیاکشرا"کے عنوان سے ایک تحریک چلائی جائے گی تاکہ گائے کے تحفظ کے لئے ریاستی اور مرکزی حکومتوں پر دباؤ بنایا جاسکے۔